مرجع عالی قدر اقای سید علی حسینی سیستانی کے دفتر کی رسمی سائٹ

فتووں کی کتابیں » توضیح المسائل جامع

نماز کا ترجمہ ← → 11۔ موالات

نماز کا قنوت

مسئلہ 1326: تمام واجب اور مستحب نمازوں میں دوسری رکعت کے رکوع سے پہلے مستحب ہے قنوت پڑھا جائے اور نماز صبح، مغرب اور عشار اور نماز جمعہ میں یہ مستحب زیادہ تاکید رکھتا ہے، لیکن نماز شفع میں احتیاط واجب ہے کہ قنوت کو رجا کی نیت سے پڑھے اور نماز وتر میں جب کہ ایک ہی رکعت ہے رکوع سے پہلے قنوت کا پڑھنا مستحب ہے۔ نماز جمعہ میں دو قنوت مستحب ہیں ایک پہلی رکعت میں رکوع سے پہلے اور دوسرا دوسری رکعت میں رکوع کے بعد ہے اور نماز آیات میں پانچ قنوت اور نماز عید فطر اور قربان میں دو رکعت میں چند قنوت ہیں اس کی وضاحت خود ان کی فصل میں کی جائے گی۔

مسئلہ 1327: مستحب ہے قنوت سے پہلے تکبیر کہے اور قنوت میں ہاتھوں کو چہرے کے مقابل میں اور ہتھیلی کو آسمان کی طرف رکھے انگوٹھے کے علاوہ باقی انگلیوں کو ملاکر رکھے اور ہتھیلی پر نگاہ کرے بلکہ احتیاط واجب کی بنا پر ضرورت کے علاوہ ہاتھوں کو بلند کئے بغیر قنوت صحیح نہیں ہے۔

مسئلہ 1328: نماز کے قنوت میں عربی زبان کے علاوہ کسی اور زبان میں دعا کرنا حرج نہیں رکھتا اور نماز کو باطل نہیں کرتا، گرچہ احتیاط مستحب ہے کہ غیر عربی میں دعا نہ کرے لیکن احتیاط واجب کی بنا پر قنوت کا وظیفہ غیر عربی زبان میں پڑھنے سے ادا نہیں ہوگا ۔[131]

مسئلہ 1329: قنوت میں کسی بھی دعا مناجات یا ذکر کوپڑھ سکتا ہے گرچہ ایک "سُبحَانَ الله" پڑھاہو کافی ہے بہتر ہے کہ اس دعا کو جسے دعائے فرج کہتے ہیں پڑھے:

"لا اِلهَ إلَّا اللهُ الْحَلیمُ الْكَریمُ، لا ‌اِلهَ إلَّا اللهُ الْعَلیُّ الْعَظیمُ، سُبْحانَ اللّهِ رَبِّ السَّمَوَاتِ السَّبْعِ وَرَبِّ الاَرَضینَ السَّبْعِ وَما فیهِنَّ وَما بَینَهُنَّ وَرَبِّ الْعَرْشِ الْعَظیمِ وَالْحَمْدُ لِلّهِ‏ رَبِّ الْعالَمینَ" اور بہتر ہے اس کے بعد کہے: "اللّهُمَّ اغْفِرْ لَنا وَارْحَمْنا وَعافِنا وَاعْفُ عَنّا إِنَّكَ عَلی كُلِّ شَی‌ءٍ قَدیرٌ"

مسئلہ 1330: مستحب ہے انسان قنوت کو بلند آواز سے پڑھے لیکن جو شخص جماعت سے نماز پڑھ رہا ہے اگر امام جماعت اس کی آواز کو سن رہا ہوتو قنوت کا بلند آواز سے پڑھنا مستحب نہیں ہے۔

مسئلہ 1331: اگر جان بوجھ کر قنوت نہ پڑھے تو قضا نہیں ہے اور اگر بھول جائے اور رکوع کی حالت تک پہونچنے سے پہلے یاد آجائے مستحب ہے کھڑا ہو جائے اور پڑھے اور اگر رکوع میں یاد آئے تو مستحب ہے کہ رکوع کے بعد قضا کرے لیکن اگر سجدے میں یا اس کے بعد یاد آئے تو مستحب ہے نماز کے سلام کے بعد اسے قضا کرے گرچہ زیادہ وقت گزرگیا ہو اور اس حال میں بہتر ہے قضا کو بیٹھ کر قبلہ رُخ انجام دے اور اگر سجدے میں جاتے وقت یاد آئے تو احتیاط واجب کی بنا پر قنوت كی طرف واپس نہ آئے بلکہ نماز کے بعد رجا کی نیت سے قضا بجالائے۔

[131] اس بنا پر اگر قنوت میں صرف فارسی یا اردو زبان میں دعا کرنے پر اکتفا کرے تو احتیاط واجب کی بنا پر گویا اس نے قنوت نہیں پڑھا ہے۔
نماز کا ترجمہ ← → 11۔ موالات
العربية فارسی اردو English Azərbaycan Türkçe Français